07 فروری ، 2024
پاکستان میں اس مرتبہ متوقع وزیراعظم کے حوالے سے دلچسپ صورتحال بن سکتی ہے کیونکہ اس مرتبہ بھی ملک کو ایک نوجوان وزیراعظم مل سکتا ہے۔
الیکشن سے پہلے ہی سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم کے لیے ناموں کا اعلان کردیا تھا۔
2018 میں حکمرانی کرنے والی پی ٹی آئی کا نام و نشان نہ رہا جس کے بعد امکان یہی ہے کہ 8 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ہی کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف کو وزیراعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اگر پیپلز پارٹی اکیلے یا پھر دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مرکز میں حکومت بنا لیتی ہے تو یہ پیپلز پارٹی کے لیے ایک طرح سے اتفاق اور تاریخ دوبارہ دہرانے جیسا ہوگا، پیپلز پارٹی اگر مرکز میں حکومت بناتی ہے تو بلاول بھٹو وزیراعظم ہوں گے اور اس وقت بلاول بھٹو کی عمر 35 سال ہے۔
ماضی میں جب بے نظیر بھٹو پہلی مرتبہ 1988 میں وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں تو ان کی عمر بھی 35 سال ہی تھی۔
دوسری جانب اگر اگلی حکومت مسلم لیگ نواز کی بنتی ہے تو نواز شریف وزیراعظم بنیں گے، اس وقت نواز شریف 74 برس کے ہیں۔