Time 12 فروری ، 2024
پاکستان

حلف برداری سے پہلے نو منتخب اراکین کون کون سے مراحل سے گزریں گے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

عام انتخابات 2024 کے نتائج کے اعلان کے بعد اور حلف برداری سے پہلے منتخب نمائندوں کو کون کون سے مراحل سے گزرنا ہو گا اور بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرنے والے آزاد امیدواروں کے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا طریقہ کار کیا ہو گا؟

ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران مختلف حلقوں سے کامیابی حاصل کرنے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین کا اعلان تو ہو گیا لیکن حلف برداری تک ابھی بہت سے مراحل باقی ہیں۔

 کامیاب امیدوار پولنگ کے 10 دن کے اندر انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع کرانے کے پابند ہیں۔

الیکشن کمیشن منتخب امیدواروں کے اعلان کے بعد فارم 49 پر حتمی نتائج جاری کرتا ہے۔ فارم 49 کو گزیٹڈ فارم بھی کہا جاتا ہے جو کہ انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج پر مشتمل نوٹیفکیشن ہوتا ہے۔

اس فارم میں امیدواروں کے نام، ان سے منسلک سیاسی جماعتیں اور انتخابی حلقے میں حاصل ہونے والے کل ووٹ شامل ہوتے ہیں، جن حلقوں میں نتائج جاری کرنے سے روکا گیا ہو ان کے سوا جاری فارم 49 کے بعد الیکشن کمیشن پولنگ کی تاریخ کے 14 روز کے اندر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا پابند ہے۔

الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کامیاب آزاد امیدوار نوٹیفکیشن کے اجرا کے 3 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔

یعنی اب الیکشن کمیشن کو حتمی نتائج کا نوٹیفکیشن 22 فروری تک جاری کرنا ہو گا، تین دن یعنی 23، 24 اور 25 فروری کو آزاد امیدوار سیاسی جماعت سے جڑنے کا اعلان کریں گے۔

صدر مملکت حلف برداری کیلئے آئین کی شق 91 ٹو کے تحت انتخابات کی تاریخ یعنی 8 فروری کے اکیسویں دن قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔

صدر چاہیں تو الیکشن کمیشن کا تمام پراسیس مکمل ہونے پر وزارت پارلیمانی امور کی سفارش پر اس سے پہلے بھی اجلاس بلا سکتے ہیں، اس طرح قواعد و ضوابط کے مطابق 29 فروری کو منتخب اراکین قومی اسمبلی میں بطور ممبر حلف اٹھائیں گے۔

مزید خبریں :