Time 16 فروری ، 2024
پاکستان

مکنیال جنگلات کی حوالگی پر وزیراعلیٰ کے پی اور محکمہ سیاحت میں تنازع کھڑا ہوگیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ہری پور مکنیال جنگلات کی حوالگی پر نگران وزیراعلیٰ خیبرپختوخوا اور محکمہ سیاحت آمنے سامنے آگئے۔

خیبرپختونخوا میں وسیع و عریض رقبے پر پھیلے مکنیال جنگلات کی حوالگی کے مسئلے پر نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور محکمہ سیاحت میں ٹھن گئی ہے۔ 

نگران  وزیراعلیٰ یہ جنگلات دوبارہ (تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن)  ٹی ایم اے خانپور کے حوالے کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسے ٹی ایم اے خانپور میں شامل کرنے کی مخالفت کی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کے رشتہ دار مکنیال میں مبینہ طور پر اراضی کے مالک ہیں۔ جس پر نگران وزیراعلیٰ گلیات ڈویلمپنٹ اتھارٹی بورڈ کے موجودہ ممبران کو ہٹا کر منظور نظر ممبران لانا چاہتے ہیں۔ 

مکنیال جنگلات کی حوالگی کے معاملے پر دو سیکریٹریز نے بھی عہدے چھوڑے۔ 

ذرائع کے مطابق گلیات ڈویلمپنٹ اتھارٹی بورڈ سے متعلق نگران وزیراعلیٰ کی منظور شدہ سمری سیکرٹری قانون نے روک دی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکنیال ایریا واپس ٹی ایم اے خان پور کےحوالے کرنا نگران حکومت کا نہیں بلکہ نئی کابینہ کا مینڈیٹ ہے۔ 

دوسری جانب گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی بورڈ کے ممبر شکیل درانی نے جیونیوز کو بتایا کہ مکنیال جنگلات دوسرے ادارے کے حوالے کرنے سے مارگلہ پہاڑوں کی خوبصورتی ختم ہو جائے گی، نگران وزیراعلیٰ قیمتی اراضی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ 

نگران صوبائی وزیراطلاعات فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ مکنیال کے رہائشیوں پر مشتمل وفد نے جنگلات سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا جبکہ جی ڈی اے نے بھی ایک خط لکھا تھا کہ مکنیال جنگلات کیلئے وسائل نہیں۔ نگران حکومت مکنیال جنگلات ٹی ایم اے کےحوالے کرنا نہیں چاہتی۔   

مزید خبریں :