پاکستان
Time 18 فروری ، 2024

جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ڈر ہے ایک اور 9 مئی نہ ہو جائے: رہنما ن لیگ

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نفرت پر مبنی مواد بیچ رہے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان لوگوں کی سرکوبی کریں: رہنما ن لیگ۔ فوٹو اسکرین گریب
 پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نفرت پر مبنی مواد بیچ رہے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان لوگوں کی سرکوبی کریں: رہنما ن لیگ۔ فوٹو اسکرین گریب 

 لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے 9 مئی سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا، جس طرح کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے مجھے خوف ہے کہ ایک اور 9 مئی نہ ہو جائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے  ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کمپین چلائی جا رہی ہے، جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے یہ بلا سبب نہیں ہے، یہ اسی سازش کی کڑی ہے جو ہم پہلے دیکھتے رہے ہیں۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا9 مئی کو بھی افواج پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی گئی، یہ پاکستان کی سیاست، معیشت، افواج پاکستان کے خلاف سازش تھی، مئی سے پہلے بانی پی ٹی آئی کے خلاف وارنٹ آرہے تھے، وارنٹ لے کر ان کی رہائش گاہ جاتے تو وہاں جتھے بٹھا دیےگئے۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تاریخ ہے وہ انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتی، پنکچر کی بات کی جاتی تھی، عمرعطا بندیال کیخلاف بھی انہوں نے اس وقت مہم چلائی تھی، الیکشن کمیشن کے افضل خان سے جھوٹی کہانی منسوب کی گئی، کمشنر راولپنڈی کا الیکشن پروسیس اور انتخابی نتائج سے کوئی تعلق نہیں تھا،  کمشنر راولپنڈی نہ ڈی آر او ہیں نہ ان کی کوئی پوزیشن  تھی، ڈی آر او، آر او الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوتے ہیں،   مختلف ڈی آر اوز اور ان کے بچوں کی تصاویر لگائی جا رہی ہیں، تصاویر لگا کر ایک بڑی خوفناک کمپین شروع کی گئی ہے، یہ لوگ اپنے اس انتشاری رویے سے بالکل باز نہیں آ رہے۔

9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا :ملک احمد خان

 ملک احمد خان کے مطابق  9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، ملٹری تنصیبات پر حملے کروائے گئے، ایمبولینسز اور بینک بھی جلائے گئے، دوبارہ سے صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جو اسی سازش کی ایک کڑی ہے، ریاست کیخلاف سیاست کیخلاف ہم یہ سازش دیکھ چکے ہیں، سوشل میڈیا پر باہر سے کمپین چلائی جا رہی ہے، کمشنر راولپنڈی کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ کل بتاتے، کمشنر راولپنڈی نے بغیر ثبوت بات کردی، یہ 9 مئی پارٹ ٹو ہے، یہ ملک میں آگ لگانے کے منصوبے کی کڑی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نفرت پر مبنی مواد بیچ رہے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ان لوگوں کی سرکوبی کریں، انہیں روکیں، نہ روکا گیا تو یہ لوگ ریاست پاکستان کا بڑا نقصان کریں گے، چار سال وزیراعظم رہے کیوں پولیٹیکل سیل ختم نہیں کیا، 9 مئی کے واقعہ سے خوفناک واقعہ میرے مشاہدے میں نہیں، مجھے خوف ہے کہ ایک اور 9 مئی نہ ہو جائے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ یہ سرکاری ملازمین کو دھمکا رہے ہیں، جب عدالت نے ہمارے خلاف فیصلے دیے تھے تو اس وقت بھی ٹرولنگ کرتے تھے، یہ ڈرگ مافیا کے طریقہ کار کو اختیار کرتے ہیں، لاہور ، پشاور ، کراچی اور بہاولپور میں فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، آج پھر انھوں نے اسی طرز پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔

مزید خبریں :