Time 21 فروری ، 2024
پاکستان

اسحاق ڈار نےکہا ہم نے دیرکردی، حقیقت یہ ہے ہم نےانہیں پہچاننے میں دیرکردی: حافظ حسین

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رہنما جے یو آئی حافظ حسین احمد نےکہا ہےکہ بلوچستان میں حکومت سازی کا حصہ نہیں  بنیں گے، اسحاق ڈار  نےکہا ہم نے آنے میں کافی دیر کردی،  حقیقت یہ ہےکہ ہم نے انہیں  پہچاننے میں دیر کردی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں  بلوچستان میں حکومت سازی پر مشاورت کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے وفودکے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں حکومت سازی پر مشاورت کی گئی۔

سیکرٹری جنرل جے یو آئی عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اور  ن لیگ کم ازکم بلوچستان میں حکومت بناسکتی ہیں۔

 اس  پر  ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ ہم تو  چاہتے تھےکہ مل کر چلا جائے لیکن  مولانا  آپ نے بہت دیر کردی،گزشتہ چار دن سے آپ سے رابطہ کر  رہے تھے لیکن رابطہ نہیں ہوا، ہم نے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ شراکت اقتدارکا معاہدہ کرلیا ہے، ن لیگ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے والی ہے۔

اسحاق ڈار کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما جے یو آئی حافظ حسین احمد نےکہا ہےکہ جے یو آئی بلوچستان میں حکومت سازی کا حصہ نہیں بنےگی، پارٹی سربراہ کے فیصلوں کے باوجود  مولانا عبدالغفور حیدری کی اسحاق ڈار  سے  ملاقات  پر حیرت ہوئی۔

حافظ حسین احمد نےکہا اسحاق ڈار نےکہا کہ ہم نے آنے میں کافی دیرکردی، حقیقت یہ ہےکہ ہم نے انہیں پہچاننے میں دیر کردی۔

 ان کا مزیدکہنا تھا کہ پی ڈی ایم تاحال قائم ہے اور اسے تحلیل نہیں کیا گیا، قومی اور صوبائی سطح کے فیصلوں میں جے یو آئی قیادت کو نظر انداز کیا گیا۔

مزید خبریں :