9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کروائیں، جو بھی ملوث ہو اسے سزا دینی چاہیے: میاں اسلم اقبال

پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیاہے، میاں اسلم اقبال کا پشاور میں جیو نیوز کے نمائندے کو انٹرویو میں اظہار خیال— فوٹو: فائل
پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیاہے، میاں اسلم اقبال کا پشاور میں جیو نیوز کے نمائندے کو انٹرویو میں اظہار خیال— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پنجاب کیلئے نامزد وزیراعلیٰ میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کرائیں جو بھی ملوث ہو اسے سزا دینی چاہیے، وہ خود 9 مئی کے دن لاہور میں نہیں تھے۔

پشاور میں جیو نیوز کے نمائندے کو انٹرویو میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام نے ہمیں نہیں بانی پی ٹی ائی کو ووٹ دیے ہیں، مخالفین سن لیں، چوری کے مینڈیٹ پر آپ سے حکمرانی نہیں ہوگی، آپ ریت کی دیوار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی وزیر اعظم بنیں، عوام سمجھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی پر کیسز جھوٹے ہیں۔

میاں اسلم نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیڈرز جیل جاتے ہیں، بھاگتے نہیں ہیں، بھگوڑے بھاگ جاتے ہیں، ہمارا جینا مرنا اس ملک میں ہے، ان کا جینا مرنا یورپ میں ہے۔

پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اب 80 کی دہائی والے سبز باغ نہیں دکھائے جاسکتے، آج کے نوجوان سمجھ دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور عوام فلاح بہبود کے کام کیے۔

مزید خبریں :