24 فروری ، 2024
آئی جی اسلام آباد نے احاطہ عدالت سے ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کے نئے ایس او پیز مرتب کرکے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ہدایات جاری کی تھیں کہ انصاف کے حصول کے لیے آئے ملزم کی احاطہ عدالت سے گرفتاری نا کی جائے۔
اس حوالے سے اسلام آبادپولیس نے ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرائی ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے احاطہ عدالت سے ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کے ایس او پیز بنا کر آئی جی پولیس کی جانب سے تمام تفتیشی افران کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا ہے کہ آئی جی کی جانب سے ایس او پیز اسلام آباد کے تفتیشی افسران کو بھجوا دیے گئے ہیں، ایس او پیز کے مطابق انصاف کے حصول کے لیے آئے ملزم کی احاطہ عدالت سے گرفتاری نہیں ہوگی اور صرف عدالتی حکم پر گرفتاری عمل میں لائی جا سکے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ دہشتگردی، عدالتی وقار ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے گرفتاری کی جا سکے گی، احاطہ عدالت میں قابل دست اندازی جرم کرے تو گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، ایسی کسی گرفتاری کی صورت میں عدالتی سکیورٹی انچارج کو مطلع کیا جائے گا، ایس پی سکیورٹی ان تمام معاملات میں انچارج ہوں گے، آئندہ سے کسی قسم کی خلاف ورزی پر تادیبی کاروائی کی جائے گی۔