Time 24 فروری ، 2024
دنیا

'لندن پرمسلمانوں کا کنٹرول ہے'، نفرت انگیز بیان پر برطانوی ایم پی پارٹی سے معطل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

برطانوی ممبر پارلیمنٹ لی اینڈرسن کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دینے پر پارٹی سے معطل کر دیا گیا۔

ایک بیان میں ٹوری ایم پی لی ایڈرسن نےکہا تھا کہ لندن پر مسلمانوں نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے، مسلمان میئر نے لندن کو ہم سے دور کردیا ہے۔

کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے ممبر پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے برطانیہ پر تو قبضہ نہیں کیا لیکن میئر لندن صادق خان پر  مسلمان قابض ہیں اور مسلمان میئر کا مطلب لندن پر مسلمانوں کا کنٹرول ہے۔

لی ایڈرسن کے نفرت انگیز بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور برطانیہ کی لیبر پارٹی نے لی ایڈرسن کے بیان کو  متعصبانہ اور نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ وزیراعظم رشی سونک ایم پی لی ایڈرسن کوپارٹی سے نکالیں۔

بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی نژاد میئرلندن صادق خان کا کہنا تھا کہ لی اینڈرسن مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں ان کا بیان جلتی پر تیل کا کام کرےگا، اس معاملے پر وزیراعظم کی خاموشی متنازع بیان کے دفاع کےمترادف ہے۔

شدید تنقیدکے بعد لی اینڈرسن کو  مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز  بیان دینے پر پارٹی سے معطل کر دیا گیا۔

مزید خبریں :