Time 27 فروری ، 2024
پاکستان

ڈی سی اسلام آباد کو توہین عدالت کیس میں غیر حاضری پر جاری شوکاز نوٹس واپس

عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی توہین عدالت کیس میں یکم مارچ کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست مسترد کردی/ فائل فوٹو
عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی توہین عدالت کیس میں یکم مارچ کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی درخواست مسترد کردی/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کو توہین عدالت کیس میں غیر حاضری پر جاری شوکاز نوٹس واپس لے لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کو توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران غیر حاضر رہنے پر جاری شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

ڈی سی اسلام آباد اپنے وکیل راجہ رضوان عباسی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی سماعت سے غیر حاضر ہونے پرجاری کیے گئے شوکاز نوٹس کو واپس لینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے شوکاز نوٹس ڈسچارج کردیا۔

ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودیہ جانے اور آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ دینے کی استدعا کی گئی جس پر  عدالت نے کہا توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ ہے جو جمعہ کو سنایا جائے گا۔

عدالت نے مزید کہا کہ فیصلے کے روز ملزم کا ہونا لازم ہے، استثنیٰ کی درخواست خارج کی جاتی ہے، دو تین دن رہ گئے ہیں، جمعہ کے بعد یہ بے شک بیرون ملک چلے جائیں۔

علاوہ ازیں عدالتی حکم عدولی پر شہریار آفریدی کے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ ہےجو یکم مارچ کو سنایا جائے گا۔

مزید خبریں :