27 فروری ، 2024
نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سے حلف لیا۔
گورنر ہاؤس کے سبزہ زار پر ہونے والی تقریب میں گورنر کامران ٹیسوری نے سید مراد علی شاہ سے سندھ کے 25 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔
تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، مقبول باقر، فریال تالپر اور دیگر نے شرکت کی۔
ان کے علاوہ مختلف ممالک کے سفارت کار اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔
منتخب وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی تقریب حلف برداری میں بلاول بھٹو زرداری خصوصی طور پر شریک ہوِئے۔
سید مراد علی شاہ کے حلقہ انتخاب سہون سے بھی سیکڑوں افراد نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی، حلف مکمل ہوتے ہی شرکاء نے نعرے بھی لگائے۔
اس سے قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور بلاول بھٹو زراری کی ملاقات بھی ہوئی جس میں فریال تالپور، سید مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما شریک ہوئے۔