ایسا انوکھا پرس جو ہوا سے تیار کیا گیا ہے

اسے فرانس کی ایک کمپنی نے ناسا کے اشتراک سے تیار کیا ہے / فوٹو بشکریہ Coperni
اسے فرانس کی ایک کمپنی نے ناسا کے اشتراک سے تیار کیا ہے / فوٹو بشکریہ Coperni

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر اوپر تصویر میں جو پرس نظر آ رہا ہے وہ ہوا سے تیار کیا گیا ہے۔

جی ہاں واقعی پیرس فیشن ویک کے موقع پر اس انوکھے پرس کو پیش کیا گیا، جو ہوا سے تیار کیا گیا ہے۔

فرانس سے تعلق رکھنے والی کمپنی Coperni نے امریکی خلائی ادارے ناسا کے اشتراک سے ائیر سوائپ بیگ نامی پرس تیار کیا۔

پرس کا 99 فیصد حصہ ہوا جبکہ ایک فیصد گلاس پر مبنی ہے اور اس شفاف بیگ کا وزن محض 33 گرام ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ بادل جیسا یہ پرس سیلیکا ایرو جیل نامی نانو میٹریل سے تیار کی گئی سب سے بڑی چیز ہے۔

یہ میٹریل زمین کا ہلکا ترین ٹھوس میٹریل ہے اور ناسا کی جانب سے اکثر اسے ستاروں کی گرد جمع کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

کمپنی کے شریک بانی Sébastien Meyer نے کہا کہ یہ سائنسی ہونے کے ساتھ ساتھ شاعرانہ بیگ ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو Arnaud Vaillant نے اسے کسی بادل جیسا جادوئی قرار دیا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پرس 1200 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور اپنے سے 4 ہزار گنا زیادہ دباؤ برداشت کرسکتا ہے۔

فیشن شو کے دوران جب لوگوں کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا ہوا سے بنے اس پرس کے اندر کچھ رکھا جا سکتا ہے، تو کمپنی کا کہنا تھا کہ اس میں اسمارٹ فون رکھا جا سکتا ہے۔

البتہ اسے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا یا نہیں، اس بارے میں کمپنی کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا۔