عمران خان نے امریکا میں آئی ایم ایف دفتر کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج درست قراردے دیا

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے امریکا میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) دفتر  کے باہر پارٹی کا احتجاج درست قرار دے دیا۔

اڈیالا جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کو غلطی قرار دے دیا اور کہا کہ بات چیت مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور شیرانی گروپ سے چلی تھی، غلطی یہ ہوئی کہ تینوں کے ساتھ اتحاد کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے امریکا میں آئی ایم ایف دفتر کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج درست قرار دیا تاہم احتجاج کے دوران فوج مخالف بینرز سے اظہار لاعلمی کیا۔

پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض ملنے کی مخالفت ان الفاظ میں کی کہ یہ قرض ملنے سے پہلے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

ان سے سوال کیا کہ خود آئی ایم ایف سے قرض کیوں لیا تھا؟ اس سوال پر جواب میں کہا کہ وہ تو مجبوری تھی، تین ملکوں سے ملا قرض کم تھا، اس لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی تیسری قسط کے اجرا سے قبل جائزے کیلئے پاکستان میں موجود ہے اور پاکستانی حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔

ایسے وقت میں امریکا میں پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

پی ٹی آئی کے مظاہرے میں شامل افراد نے آئی ایم ایف سے پاکستان کو قرض دینے سے پہلے کڑی شرائط عائد کرنے، قسط کا اجرا الیکشن نتائج اور دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات سے جوڑنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اورافواج پاکستان کے خلاف بینر لگا رکھے تھے۔

مزید خبریں :