19 مارچ ، 2024
پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمات کی تفصیل کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے پوچھا یہ مسئلہ ختم نہیں ہوا؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا متعلقہ حکام مقدمات کی تفصیل فراہم نہیں کر رہے ہیں جس پر جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے علی امین گنڈاپور صوبےکا وزیراعلیٰ ہے،عوام نے ان پر اعتماد کیا ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا عوام نے ووٹ دیا ہے اور اب وہ اس صوبے کو چلا رہے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ ان کو تفصیلات نہ دیں۔
اس پر ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے نے بتایا کہ علی امین گنڈاپورکے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 انکوائریز ہیں۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو درخواست گزار کےخلاف مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی۔