28 جنوری ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے انکشاف کیا ہے کہ فروری کے پہلے ہفتے سے کراچی میں دہشت گردی کی بڑی لہر شروع ہونے کا خدشہ ہے تاہم وہاں دہشت گردی میں طالبان ملوث نہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ سندھ حکومت اور تمام انٹیلے جنس ادارے اپنی توانائیاں کراچی میں ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں روکنے پر صرف کردیں۔کراچی میں گھمسان کی دہشت گردی ہونے کا خطرہ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردی میں غیر ملکی ہاتھ اور کچھ کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں،طالبان نہیں۔رحمان ملک کا کہنا ہے کہ وہ جلد تمام انٹیلے جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بلائیں گے تا کہ کراچی کی صورت حال پر جامع اور مربوط حکمت عملی بنائی جا سکے۔