کاروبار
28 جنوری ، 2013

بجلی پر سبسڈی،مزید15ارب روپے جا ری

اسلام آباد… بجلی کیلئے مزید 15 ا رب روپے کی سبسڈی جاری کردی گئی ہے، عوام کو بجلی کی فراہمی میں ریلیف ملے یا نہ ملے ، اس اندھے کنوئیں میں 185 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایاکہ یہ رقم دو مرحلوں میں جاری کی گئی۔ ذرائع کے مطابق جولائی سے جنوری تک بجلی کیلئے 185 ارب جاری کیئے گئے جبکہ جولائی سے جون تک 12 مہینوں میں 120 ارب روپے کا بجٹ تھا، تاہم سات مہینوں میں مقررہ بجٹ سے 65 ارب روپے زیادہ خرچ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں ہر سال 80 ارب بجلی کے یونٹ خرچ ہوتے ہیں اور ہر یونٹ پر 3 روپے حکومت کو دینا پڑ رہے ہیں، اس کی وجہ بجلی کے نقصانات، بجلی کی چوری ، بلوں کی عدم ادائیگی اور قیمت اور لاگت کا فرق ہے۔ خدشہ ہے کہ اس مد میں 240 ارب روپے خرچ ہوسکتے ہیں۔

مزید خبریں :