30 جنوری ، 2013
اسلام آباد … کراچی میں دہشت گردی سے متعلق وزیر داخلہ کے بیان پر کابینہ کے اجلاس میں شدید تنقید کی گئی، وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ کراچی میں فروری کے اوائل میں دہشت گردی کی اطلاع سے خوف وہراس پھیلا، عوام کے ساتھ ایسی معلومات کا تبادلہ نہیں کیا جانا چاہئے جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ عوام کو پتہ ہونا چاہئے کہ کیا ہونے جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کراچی میں دہشت گردی سے متعلق رحمان ملک کے بیان کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ایسی معلومات نہیں دینی چاہئیں، اس سے عوام میں خوف وہراس پھیلا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ عوام کو آگاہ کرنے کیلئے معلومات فراہم کیں، انہیں اندازہ ہونا چاہئے کہ ایسے واقعات ہوسکتے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں امن و امان قائم کیا جائے، ان کے ارکان صوبائی اسمبلی اور کارکن شہید ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ہدایت کی کہ کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔