30 جنوری ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لیاری ، ماڑی پور، منگھوپیر،کھارادراورکراچی کے دیگرعلاقوں میں تاجروں کولیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے بھتہ کی وصولی اوربھتہ نہ دینے والے تاجروں کے گھروں، دکانوں اوردیگراملاک پر دستی بموں کے حملوں کی شدیدمذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں لیاری گینگ واراورکالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی جانب سے تاجروں ،دکانداروں،ٹرانسپورٹرز اور دیگر اہل ثروت افرادکوبھتہ کے وصول کیلئے بھاری رقوم کی پرچیاں بھیج رہے ہیں اورجولوگ بھی بھتہ دینے سے انکارکررہے ہیں ان کے گھروں، دکانوں اور دیگر املاک پر دستی بموں سے حملے کئے جارہے ہیں، تاجروں کوقتل کیاجارہاہے ۔اب تک کئی تاجراورمعصوم شہری ان دہشت گردوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں لیکن یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ ان دہشت گردوں کے خلاف حکومت کی جانب سے بھرپوراورموٴثرکارروائی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان دہشت گردوں کی کارروائیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں اورتاجربرادری اورشہریوں میں عدم تحفظ کااحساس بڑھتاجارہاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ کراچی کے تاجروں اوردیگرشہریوں سے بھتہ کی وصولی کی وارداتیں کرنے والے لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے اورشہرکوان جرائم پیشہ عناصرسے نجات دلائی جائے ۔