30 جنوری ، 2013
اسلام آباد … وائس چانسلرز کی ایگزیکٹو باڈی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مجوزہ ترمیمی بل کو مسترد کر دیا، مشاورت کیلئے تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا ہنگامی اجلاس 6 فروری کو طلب کرلیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں وائس چانسلرز کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایچ ای سی سے متعلق مجوزہ قانون پر چانسلرز، وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ وزیر اعظم کی منظور کردہ ٹاسک فورس کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے اور اس کی سفارشات کے بعد ترمیمی بل لایا جائے۔ وائس چانسلرز کی ایگزیکٹو باڈی کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی کی خودمختاری کو متاثر کرنے سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے، اس حوالے سے ایگزیکٹو باڈی صدر زرداری، وزیر اعظم اور دیگر ارکان پارلیمنٹ کو تحفظا ت سے آگاہ کرنے کیلئے ان سے ملاقاتیں کریں گی۔