30 جنوری ، 2013
کراچی…پاک بحریہ کے رئیر ایڈمرل خان ہشام بن صدیق نے کمانڈر پاکستان نیوی فلیٹ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ وائس ایڈمرل ذکاء اللہ نے کمانڈ نو منتخب کمانڈر کے سپر د کی۔ رئیر ایڈمرل خان ہشام بن صدیق نے بحیثیت کمانڈر پاکستان نیوی فلیٹ آج اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اپنی موجودہ حیثیت میں وہ پاکستان نیوی کے تمام بحری جہازوں ، آبدوزوں ، میزائل بوٹس اور ایوی ایشن یونٹس کے آپریشنل انچارج ہونگے۔ رئیر ایڈمرل ہشام نے 1978میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی اور 1980میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر تعیناتی کا وسیع تجربہ حاصل کیا۔ وہ HQs NAVCENTبحرین میں کثیر الملکی میری ٹائم ٹاسک فورس (CTF-150) کی کمان بھی کرچکے ہیں۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل وہ نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کے عہدے پر فائز تھے۔ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔