31 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب بم دھماکے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جا ئے وقوعہ سے تین سو کلو سے زائد بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کراچی میں 300 کلو گرام بارودی مواد ناکارہ بنانے والے اہل کاروں کے لیے ستارہ شجاعت کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکا انڈس پلازہ کے نزدیک قائم منشیات فروشوں کے اڈے کے قریب ہوا، دھماکے میں 4افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، دھماکے سے قریب کھڑی ہوئی گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا کام شروع کردیا،جبکہ میڈیا اورعلاقہ مکینوں کو بھی جائے وقوعہ سے دور کردیا گیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق تلاشی کے دوران جائے وقوعہ کے قریب کھڑی ٹیکسی سے تین سو کلو سے زائد وزنی بارودی مواد ملا جسے فوری طورپر ناکارہ بنادیا گیا ہے، بارودی مواد میں نٹ، بال بیئرنگ اور دیگر لوہے کے زرات لگے ہوئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بارودی مواد اتنی مقدار میں ہے جس سے بڑے پیمانے پرجانی اور مالی نقصان ہوسکتا تھا، جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لے لیاگیا ہے۔