Time 17 اپریل ، 2024
پاکستان

اے ٹی سی جج نے 9 مئی مقدمات کی سماعت نہ کرنےکی پنجاب حکومت کی درخواست مستردکردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج نے ریفرنس دائر ہونے کی بنیاد پر 9 مئی کے مقدمات کی سماعت نہ کرنے کی پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کے راولپنڈی  کے واقعات کے مقدمات کی سماعت نہ کرنے کی  پنجاب حکومت کی درخواست کے معاملے پر حکم نامہ جاری کردیا۔

جج ملک آصف اعجاز  نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کی درخواست پر حکم نامہ جاری کیا ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو  حاضر ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم جاری کیا ہےکہ  آئندہ سماعت پر ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواست  پر کارروائی ہوگی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ ریفرنس عدالتی کارروائی یا سماعت  روکنے سے متعلق نہیں ہے،  درخواست کے ساتھ منسلک ریفرنس کی کاپی جیل اتھارٹی سے متعلق ہے، ڈسٹرکٹ  پراسیکیوٹر  نے غیرمتعلقہ ریفرنس کو  بنیاد بنا کر سماعت روکنےکی درخواست کی، پراسیکیوشن کی جانب سے بدنیتی پر مبنی درخواست کے  پیچھے  پوشیدہ مقاصد ہیں، عدالت قانون کی بالادستی اور غیر جانبداری پر یقین رکھتی ہے۔

حکم نامےکے مطابق  زیر سماعت کیسز کی سماعت معمول کے مطابق 30 اپریل کو ہوگی۔

خیال رہےکہ آج ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کی جانب سے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کرنے والے  انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک آصف اعجاز کے خلاف ریفرنس دائر ہونے پر سماعت نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس  پر عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت بغیرکارروائی 30 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔

مزید خبریں :