31 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی میں رات سے اب تک فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہوگئی،جبکہ 6 افراد کو شہر کے مختلف علاقوں سے اغواء کرنے کے بعد گولیاں مار کر نشانہ بنایا گیا۔پولیس کے مطابق پاک کالونی اور یونیورسٹی روڈ پر قائم عسکری پارک کے قریب سے 2 افراد کی لاشیں ملیں،جنھیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا،اس سے قبل بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے قائم خانی کالونی میں حق باہو چوک کے قریب سے 3 افراد کی بوریوں میں بند لاشیں ملیں،جنھیں تشدد کرنے کے بعد سر میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا،پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو اورنگی ٹاوٴن کے علاقے سے گذشتہ روز شام 6 بجے اغواء کیا گیا تھا جس کے بعد سے تینوں افراد کے موبائل فون بند ہوگئے تھے، رینجرزذرائع کے مطابق اقبال مارکیٹ اور موچکو تھانوں کے حدود کے تنازع کے باعث لاشیں ڈیرھ گھنٹے تک جائے وقوع پر ہی پڑی رہیں،ایم ایل او سول اسپتال ڈاکٹر آفتاب چنٹر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تینوں افراد کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر سر میں گولیاں ماری گئیں،جبکہ انکے گلوں میں کپڑے کا پھندا بھی لگایا گیا تھا،اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں ٹمبر مارکیٹ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی،مقتول کی آنکھوں پر پٹی بھی بندی ہوئی ہے،جبکہ گولیاں مار کر نشانہ بنایا گیا،لانڈھی میں حبیب گراوٴنڈ کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت 24 سالہ دانش کے نام سے ہوئی ہے۔