31 جنوری ، 2013
کرم ایجنسی…گلگت بلتستان کے ضلع دیامراور کرم ایجنسی میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے فروری کے پہلے ہفتے میں ملک کے مزید بالائی علاقوں اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں واقع نانگار پربت ،بابو سر ٹاپ اور بٹوگا ٹاپ پر گزشتہ روز شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ آج بھی وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ اسکردو اور استور سمیت بیشتر اضلاع میں بادل چھائے ہیں۔ جبکہ کرم ایجنسی میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری شروع ہوگئی ہے۔ مالا کنڈ، ہزارہ،کوہاٹ ڈویژن ، شمالی بلوچستان سمیت قبائلی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز بارش اور برفباری کا باعث بننے والی ہوائیں بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی۔بلوچستان،خیبر پختونخوا،بالائی پنجاب اور آزاد کشمیر کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔