31 جنوری ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ 2010، 2011 میں سیلاب کی وجہ سے ریلوے کو 6ارب73کروڑ روپے کا نقصان ہوا، پانچ سال میں 4ہزار107 افراد کی بھرتیاں کی گئیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے د وران وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے ایوان کو تحریری طور پر بتایا کہ ریلوے کی حالت بہتر بنانے کے لیے275 نئے ریلوے انجن خرید رہے ہیں، کراچی اور لاہور کے درمیان ریلوے ٹریک کو دو لائنوں میں کرنے کا کام اس سال دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے نقصانات کی ایک بڑی وجہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہے، انجنز کی کمی کے باعث58 ٹرینیں بند پڑی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزارت خارجہ نے ایوان کو تحریری طور پر بتایا کہ وزارت خارجہ کے21 افسران کے بچے دوہری شہریت رکھتے ہیں جبکہ ان میں سے 10افسران ایسے ہیں جن کی بیویاں اور بچے دونوں کے پاس ہی دوہری شہریت ہے۔