پاکستان
Time 22 اپریل ، 2024

وزیراعظم شہباز شریف کی ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے: وزیراعظم— فوٹو: فائل
ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے: وزیراعظم— فوٹو: فائل

وزیراعظم شہبازشریف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔

اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے، معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں، خبر رساں اداروں اور سروے میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے، 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بد دل اورمایوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کیلئے حکومتی خدمات کا عوامی اعتراف ہے۔ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، پوری دیانت داری اور محنت سے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونےو الے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی دو نشستوں سمیت پنجاب اسمبلی کی 12 میں سے 7 سیٹیں حاصل کرچکی ہے جبکہ اتحادی جماعتیں ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی بھی ایک ایک صوبائی نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی،  پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :