31 جنوری ، 2013
لاہور … پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کاکہناہے کہ صوبے میں صحت کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، پنجاب حکومت عوام کو صحت کی معیاری اور جدید سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ شہباز شریف کی صدارت میں شعبہ صحت کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری صحت نے شعبہ صحت کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ بہاولپور میں 410 اور شاہدرہ میں 300 بستروں پر مشتمل اسپتال تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ راولپنڈی میں امراضِ قلب کا جدید اسپتال بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں نئے میڈیکل کالجز کے قیام سے میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ ملے گا۔