پاکستان
31 جنوری ، 2013

وزیراعلیٰ سندھ کی تمام اضلاع سے پولیس فورس کراچی بلانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ کی تمام اضلاع سے پولیس فورس کراچی بلانے کی ہدایت

کراچی … وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی شہر کی صورتحال کے پیش نظر سندھ کے تمام اضلاع سے پولیس فورس کو کراچی طلب کرنے کی ہدایت کردی ہے، دوسری جانب شہر میں بدامنی کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ کا وفد رضا ہارون کی قیادت میں آج وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اطلاعات شرجیل میمن، آئی جی سندھ، زونل ڈی آئی جیز اور حساس اداروں کے صوبائی سربراہان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے تمام اضلاع سے پولیس کراچی بلانے کی ہدایت کی، اندرون سندھ سے آنے والی پولیس فورس کو شہر کے شورش زدہ علاقوں میں تعینات کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شورش زدہ علاقوں کو دہشت گردوں، قاتلوں اور مجرموں سے پاک کیا جائے، اجلاس میں دہشت گردوں کیخلاف پولیس اور رینجرز کو مشترکہ کارروائیاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کراچی کے امن کیلئے قانون نافذ کرنے و الے اداروں کو بڑی سے بڑی کارروائی کرنی پڑے تو فوری کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں۔دوسری جانب شہر میں بد امنی کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ کا وفد آج وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کرے گا، ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت رضا ہارون کریں گے۔

مزید خبریں :