01 مئی ، 2024
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا ایک اور اختیار وزیرروں، مشیروں اور وزرائے مملکت کو دے دیا ہے۔
وفاقی حکومت نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں پروفیشنلزکی تعیناتیوں کی تلاش میں ہیڈ ہنٹنگ فرمز کی خدمات حاصل کرنے کی پالیسی میں تر میم کردی ہے، تر میم کی منظوری وفاقی کابینہ سے سرکیولیشن کے ذریعے لی گئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق تر میم کے بعد اب وزارتوں اور ڈویژنز کوپروفیشنلز کی تلاش کے لیے ہیڈ ہنٹنگ فرمز کی خدمات حاصل کرنےکا اختیار ہو گا۔
متعلقہ وزیر، مشیر یا وزیر مملکت کی منظوری سے فرم کی خدمات لی جا سکے گی تاہم ہیڈ ہنٹنگ فرم کی خدمات صرف مسابقتی عمل کے ذریعے حاصل کی جا سکیں گی۔
اس سے پہلے ہیڈ ہنٹنگ فرم کی خدمات کے لیے وزیر اعظم کی منظوری ضروری تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ ہنٹنگ فرم کے عمل میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن لیڈ کردار ادا کرے گی اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہیڈ ہنٹنگ فرم کے لیے کامن پول قائم کرے گی۔