10 مئی ، 2024
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے پاکستان میں کئی ملین ایکڑز زرعی زمین سعودی سرمایہ کاروں کو ٹھیکے پر دینے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے بتایا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے زراعت کے شعبے میں جو بھی سرمایہ کاری ہوگی وہ دونوں ممالک کے سرمایہ کار اپنے مفادات کے پیش نظر طے کریں گے۔
وفاقی وزیر تجارت نے بتایا کہ پاکستان عرب ممالک کے علاوہ کامن ویلتھ اور وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی تجارت کا حجم بڑھا رہا ہے جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، کئی سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کے ایک دوسرے کے ساتھ معاہدے طے پا چکے ہیں ۔
جام کمال نے بتایا کہ کئی سعودی اور پاکستانی کمپنیوں کے ایک دوسرے کے ساتھ معاہدے طے پا چکے ہیں اور کئی کمپنیاں بات چیت آگے بڑھا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کی آمد ولی عہد کے دورہ پاکستان کا اہم حصہ ہے۔