21 مئی ، 2024
اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین پر اتفاق نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق تاریخ میں پہلی بار چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے ووٹنگ کرائے جانے کا امکان ہے، ووٹنگ کی صورت میں چیئرمین پی اے سی کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیے جانے پر غور ہورہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ پی اے سی میں حکومت کے 16 اور اپوزیشن بشمول سنی اتحاد کونسل کے 8 ارکان ہونے کا امکان ہے، ووٹنگ ہونے کی صورت میں حکومتی رکن با آسانی چیئرمین پی اے سی بن سکتا ہے۔
ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا بتانا ہے کہ رولز یا قانون میں کہیں درج نہیں کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے ہوگا مگر ماضی میں کبھی چیئرمین پی اے سی کے عہدے کے لیے ووٹنگ نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ سنی اتحاد کونسل نے شیخ وقاص اکرم کو چئیرمین پی اے سی کے لیے نامزد کررکھا ہے۔