Time 23 مئی ، 2024
پاکستان

بانی پی ٹی آئی اپنی سزاؤں کو روکنے کیلئے دباؤ بڑھا رہے ہیں: طلال چوہدری

بانی پی ٹی آئی اپنی سزاؤں کو روکنے کیلئے دباؤ بڑھا رہے ہیں: طلال چوہدری
فوٹو: فائل

ن لیگ کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی اپنی سزاؤں کو روکنے کیلئے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ شاید اس طرح اسٹیبلشمنٹ یا حکومت دباؤ میں آئے گی، اُن کے سارے گناہ معاف ہوں گے اور انہیں وزیراعظم ہاؤس لایا جائے گا مگر یہ دن گزر چکے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تکنیکی بنیادوں کے پیچھے نہ چھپیں، وہ اب اس سسٹم کا حصہ ہیں کسی قسم کی بلیک میلنگ سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف سیاست دانوں اور ارکان کو نشانہ نہ بنایا جائے، توہین عدالت کا قانون پوری دنیا میں ختم ہوچکا ہے اس کی زد میں صرف سیاست دان ہی کیوں آتے ہیں؟

اس سے قبل سینیٹ اجلاس سے خطاب میں ن لیگی سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اگر آپ سسلین مافیا، گاڈ فادر اور پراکسی جیسے الفاظ کہیں گے تو کوئی برداشت نہیں کرے گا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے انہیں پیغام بھجوایا کہ نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف بیان دینے پر انہیں پارلیمنٹ میں جانے دیا جائے گا ورنہ جیل بھیجا جائے گا۔

مزید خبریں :