Time 21 جون ، 2024
پاکستان

سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کیلئے مکمل تیار ہیں، چینی وزیر کا شہباز شریف سے ملاقات میں اعلان

وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے وزیر لیوجیان چاؤ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر  اور وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔

چینی وفد میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ بھی شامل تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کیا۔

چینی وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا۔ 

انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا ہے، چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا۔

چینی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے، ہم سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمدکے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہےکہ سی پیک پر دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق رائے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، یہ دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن و ترقی کے لیےناگزیر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ملک میں چینی سرمایہ کاری سے متعلق ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کےدرمیان گورنمنٹ ٹوگورنمنٹ اوربزنس ٹو بزنس شراکت داری بڑھانے پراتفاق ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

خیال رہے کہ چینی وزیر یوجیان چاؤ وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کی۔

چینی وزیر نے سی پیک پر ہونے والے پاک چین مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ 

اجلاس سے خطاب میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کےلیے سکیورٹی صورتحال کوبہتربنانا ہوگا، پاکستانیوں کی سی پیک کی حمایت کو سراہتے ہیں، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی۔ 

مزید خبریں :