05 جون ، 2024
پاکستان فٹبال لیگ ( پی ایف ایل) کے ایمبیسڈر برطانیہ کے معروف سابق پروفیشنل فٹبالر مائیکل اوون نے کراچی میں انتہائی مصروف دن گزارا۔
بدھ کو مائیکل اوون سب سے پہلے فٹبال کے گڑھ لیاری پہنچے اور ککری گراؤنڈ میں کھیلا گیا نمائشی میچ دیکھا پھر گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں میں فٹبال تقسیم کیں۔
مائیکل اوون نے گراؤنڈ سے فٹبال کو کک لگاکر انکلوژرز میں پھینکی پھر جس کے ہاتھ فٹبال لگی وہ خوش ہوگیا۔ اس موقع پر لیور پول کے مایہ ناز فٹبالر ایمیل ہیسکی اور پاسکل چمبونڈا و دیگر بھی موجود تھے ۔
ککری گراؤنڈ لیاری میں کراچی کمبائنڈ لیاری فائٹر، اور لیاری کنگز کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا،پہلے میچ میں لیاری فائٹر نے ایک گول سے کامیابی حاصل کی جبکہ کراچی کمبائنڈ اور لیاری کنگز کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
بعد ازاں غیر ملکی فٹبالر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی دعوت پر گورنر ہاؤس پہنچے جہاں گورنرسندھ سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مائیکل اوون نے ملاقات کی۔
اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پاسکل ہینری اور ناوارو رول بھی موجود تھے۔
فٹبالرز نے گورنر سندھ سے کھیل کے فروغ، عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی تیاری اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ثابت ہوگا، فٹبال لیگ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا ، دنیا بھر میں فٹبال کھیل کو جنون کی حد تک دیکھا جاتا ہے ۔
گورنر سندھ نے مائیکل اوون سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی صوبہ کی ثقافت سندھی اجرک، ٹوپی اور شیلڈ بھی پیش کیں۔
اس کے بعد فٹبالر کلفٹن کے نجی شاپنگ مال میں پہنچ گئے جہاں پاکستان فٹبال لیگ کے ایمبیسڈر مائیکل اوون کا شاندار استقبال کیا گیا، اسٹیج پر آئے،مداحوں نے پر جوش نعروں سے انٹرنیشنل اسٹار فٹبالرز کا خیر مقدم کیا،فٹبالرز نے ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کاجواب دیا۔
مداحوں نے اپنے پسندیدہ فٹبالرز کی تصاویر کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے،کھلاڑیوں نے گیندوں اور شرٹس پر آٹو گراف دیے اور پرستاروں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔مداحوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی۔
اس موقع پرمائیکل اوون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، امید ہے کہ پاکستان ایک دن انٹرنیشنل فٹبال میں اپنا مقام پیدا کرے گا،اپنے مداحوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوا ،پر پاک استقبال پر شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان فٹبال لیگ(پی ایف ایل) کے فروغ کیلئے نامور بین الاقوامی فٹبالر پاکستان میں موجود ہیں۔
اسپینش فٹبال کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ارکان ، برطانیہ کے بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ کھلاڑی مائیکل اوون، لیور پول کے مایہ ناز فٹبالر ایمیل ہیسکی اور پاسکل چمبونڈا پاکستان فٹبال لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔