07 جون ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں قومی اقتصادی کونسل تشکیل دے دی گئی۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 156 کے تحت قومی اقتصادی کونسل قائم کی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف قومی اقتصادی کونسل کے چیئرمین ہوں گے جبکہ چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ قومی اقتصادی کونسل کے ارکان ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، محمداورنگزیب اور احسن اقبال کو کونسل ممبر مقرر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری خزانہ خصوصی دعوت پر کونسل اجلاس میں شرکت کرسکیں گے۔
سیکرٹری اقتصادی امور اور وفاقی وزیراحدچیمہ بھی خصوصی دعوت پرکونسل اجلاس میں شریک ہوسکیں گے۔
دوسری قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس پیر 10جون کو طلب کرلیا گیا جس میں رواں مالی سال کی سالانہ پلان کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے سالانہ پلان کی منظوری دی جائے گی اور 13ویں پانچ سالہ منصوبہ 29-2024 کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پلان، صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور حکومتی کمپنیوں کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جائے گی۔
ایکنک اور سی ڈی ڈبلیو پی کی 16 مئی 2023 سے15 مئی 2024 تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی۔