Time 09 جون ، 2024
پاکستان

پختونخوا میں رواں سال بھی پولیو ٹیموں کیلئے جان لیوا، حملوں سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی

پختونخوا میں رواں سال بھی پولیو ٹیموں کیلئے جان لیوا، حملوں سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی
 پولیو کی ٹیموں پر حملوں میں دو شدت پسند تنظیموں کی نشاندہی ہوگئی: سی ٹی ڈی 

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے پی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال انسداد پولیو ٹیموں پر  15 حملوں میں 13 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ 

جیو نیوز  نے محکمہ انسداد دہشتگردی کے پی  کی رواں سال کی پولیو ٹیموں پر حملوں سے متعلق رپوٹ حاصل کر لی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال حملوں میں 15 اہلکار شہید جبکہ 36 زخمی ہوئے۔ 

سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال بنوں میں 4، باجوڑ اور ٹانک میں پولیو ٹیموں پر 3، 3 حملے ہوئے جبکہ خیبر، لکی مروت، مردان، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیموں پر ایک ایک حملہ رپورٹ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  باجوڑ میں حملوں سے 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 30 زخمی ہوئے، بنوں میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات 2 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے، اسی طرح جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں بھی ایک ایک اہلکار شہید ہوا۔

رپورٹ کے مطابق بنوں، خیبر  اور لکی مروت میں پولیو ٹیموں پر حملے میں ایک ایک اہلکار زخمی ہوا۔

محکمہ انسداد دہشتگردی کے پی کے مطابق انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں میں دو شدت پسند تنظیموں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ 

مزید خبریں :