06 فروری ، 2013
اسلام آباد…کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کودہرایاہے جبکہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کاکہناہے کہ بھارت کی سیکیورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر میں حراستی قتل، جنسی زیادتیوں اور جعلی پولیس مقابلوں کی مرتکب ہو رہی ہیں، پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے شروع کیے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق قاہر ہ میں او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی صدارت میں او آئی سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوا۔ سیکرٹری جنرل اوآئی سی نے مسئلہ کشمیر، کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ حناربانی کھرنے او آئی سی رابطہ گروپ کیاجلاس سے خطاب میں کہاکہ بھارت کی سیکیورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر میں حراستی قتل، جنسی زیادتیوں اور جعلی پولیس مقابلوں کی مرتکب ہو رہی ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔