Time 12 جون ، 2024
دنیا

غزہ میں جاری بدترین اسرائیلی جارحیت کے 250 روز، 15 ہزار 694 بچے شہید

غزہ میں جاری بدترین اسرائیلی جارحیت کے 250 روز، 15 ہزار 694 بچے شہید
فوٹو: فائل

فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری بد ترین اسرائیلی جارحیت کے 250 روز مکمل ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت کے 250 روز مکمل ہونے پر غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے اسرائیلی حملوں سے ہونے والے اب تک کے نقصانات کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ 

غزہ میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 37 ہزار 202 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور ان کے علاوہ 10 ہزار افراد لاپتا ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 84 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والوں میں 70 فیصد عورتیں اور بچے ہیں، سرکاری میڈیا آفس کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 15 ہزار 694 بچے شہید ہوچکے ہیں جبکہ 17 ہزار بچے اپنے والد اور والدہ میں سے کسی ایک یا دونوں کو کھوچکے ہیں۔

سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اب تک طبی عملے کے 498 اراکین اور 150 صحافی بھی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہوچکے ہیں جبکہ 33 افراد خوراک کی قلت کے باعث شہید ہوئے۔

سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ کے 5 ہزار افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی فوج نے 250 دنوں میں غزہ پر تقریباً79 ہزار ٹن بارود برسایا۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں آثار قدیمہ کے 206 مقامات کو بھی نشانہ بنایا۔

سرکاری میڈیا آفس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ 33 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں صرف 16 اسپتال جزوی طور پر کام کررہے ہیں جبکہ 90 میں 64 مراکز صحت بند ہیں، اس کے علاوہ غزہ میں 130 ایمبولنسیں تباہ ہوچکی ہیں۔

مزید خبریں :