14 جون ، 2024
کے الیکٹرک نے واجبات کی عدم ادائیگی پر سرکاری محکموں کی بجلی منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری توانائی کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں سندھ کے 64 محکموں کی بجلی منقطع کرنے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 8 خط لکھے جاچکے مگر وعدے کے مطابق واجبات اور بل ادا نہیں ہوئے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ بجلی کے کنکشن منقطع کیے جائیں گے۔
کے الیکٹرک نے خط میں لکھا کہ 2019 میں حکومت سندھ نے تمام واجبات اور نئے بل ادا کرنے کا کہا تھا، محکمہ توانائی کو بجلی کے بل اور واجبات ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
کے الیکٹرک نے کہا کہ صوبائی محکموں کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی شروع کرچکے ہیں، فوری طور پر معاملہ حل کیا جائے، پرانے واجبات بشمول نئے ادا کیے جائیں۔
کےالیکٹرک نے خط میں 64 صوبائی محکموں اوراداروں کی فہرست بھی شامل کی ہے۔