07 فروری ، 2013
لاہور… پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماوٴں کی ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد اسٹبلشمنٹ اورغیر جمہوری قوتوں کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے ، الیکشن ملتوی کرانے کے حربے پوری قوت سے ناکام بنادینگے۔ لاہور میں ایرانی ثقافتی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تبدیلی ووٹ کے انقلاب سے آئے گی، تحریک انصاف کے ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطوں کے بعد اسٹبلشمنٹ اور غیر جمہوری قوتوں کے حربے کھل کرسامنے آگئے ہیں۔ رانا ثنا ء اللہ کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ نے مختلف عناصر کو پہلے الگ الگ استعمال کیا، اب انکو اکٹھا کرکے برسر پیکار ہوگئی ہے۔