18 جون ، 2024
سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ نوشہرہ کے عوام نے جذبات میں آ کر ووٹ کا غلط استعمال کیا۔
پشاور، نوشہرہ، مردان اور کرک میں عید کے دوسرے روز بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے اور نوشہرہ میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ بند کردیا۔
مظاہرین کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی گاڑی بھی روک لی گئی اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پرویز خٹک نے کہا عوام نے جنہیں ووٹ دیا ان سے بات کریں ، عوام نے جذبات میں آکر ووٹ کا غلط استعمال کیا، اپنے ساتھ خود زیادتی کی۔
ادھر کرک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین نے احتجاج کیا، شگئی روڈ بلاک کردیا جس سے ٹریفک کی روانی معطل رہی۔
خواتین مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں 20 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔
پشاور میں کسٹم چوک باڑہ روڈ پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، ٹائر جلاکر روڈ بند کردیا۔
ترجمان پیسکو کے مطابق آج سے شیڈول لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ، جہاں لائن لاسز زیادہ ہیں وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہے۔