07 فروری ، 2013
کراچی…سپریم کورٹ میں جاری کراچی بے امنی کیس کی سماعت کے دوران بھی شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور پر تشدد واقعات جارہی ہیں ، مزید 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔کراچی میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کے باوجود آج بھی مسلح ملزمان کے ہاتھوں 7 زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے گئے،گولیمار کے علاقے میں دُکان پر بیٹھے امجد الرحمن نامی نوجوان کو گولیوں کا نشانہ بنادیا گیا۔ابھی قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قتل کی تحقیقات میں ہی مصروف تھے کہ ملزمان نے دوبارہ اُسی علاقے میں پیتل گلی میں واقع لیاقت چوک پر فائرنگ کردی۔ اس بار نشانہ بنا 45 سالہ وسیم صدیقی۔ سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی،گارڈن کے علاقے میں چٹریا گھر کے قریب سے دو افراد کی بوری میں بند لاشیں ملیں،جن کی شناخت 45 سالہ مولا بخش اور 28 سالہ بلال کے نام سے ہوئی،جبکہ پرانا حاجی کیمپ کے قریب فائرنگ سے 27 سالہ عاصم کی زندگی کا چراغ گل کر دیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری تو درکنار قانون نافذ کرنے والے ادارے قتل میں ملوث افراد کی نشاندہی میں بھی ناکام ہیں۔