07 فروری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سندھ سے فوج کے ذریعے ووٹرز کی گھر گھر تصدیق پر عمل درآمد کے بارے میں بیان حلفی طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ بتایاجائے کہ یہ عمل کب شروع ہوااوراس میں فوج کے کتنے جوانوں نے حصہ لیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے انتخابی اصلاحات کے بارے میں درخواستوں کی سماعت کی ، چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، عدالت کو بتایا جائے کہ کراچی کو کتنے علاقوں میں تقسیم کیا گیا،الیکشن کمیشن کے بعد سیکریٹری دِفاع سے بھی پوچھا جائے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے بارے میں آئندہ سماعت پرپوچھیں گے۔جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں ایسا دِکھائی نہیں دیتاکہ الیکشن کمیشن گھر گھر جا کر تصدیق کر رہا ہے ،اس موقع پر عمران خان کے وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ دو ماہ گزرنے کے باوجود گھر گھر تصدیق کا عمل شروع ہی نہیں کیا گیا ، مزید سماعت 13 فروری کو ہوگی۔