07 فروری ، 2013
گوجر خان … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہی اب ووٹ ملیں گے،جنہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا وہ جھوٹ موٹ کی سیاست سے ووٹ لینا چاہتے ہیں۔ گوجرخان میں خواتین کی بہبود کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ وہ ووٹ لینے آئے ہیں نہ ہی انتخابی مہم پرہیں ، پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی تھی اور عوام کی حمایت سے اپنی آئینی مدت پوری کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہت لوگوں نے جھوٹے پروپیگنڈے اور دعوے کئے لیکن خدا نے جو عزت انہیں دی وہ کوئی نہ چھین سکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ غریبوں کے دکھوں سے آشنا ہیں، کوئی بڑا دعویٰ نہیں کرتے بلکہ سرجھکا کر عوام کی خدمت کرتے ہیں۔