08 فروری ، 2013
راولپنڈی…راولپنڈی کے سرسید چوک پر مبینہ پولیس مقا بلے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ نشے میں دھت پولیس اہلکاروں نے کسی ڈاکو کو نہیں بلکہ ایک معذور رکشہ ڈرائیور کو قتل کردیا۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے چوبیس سالہ محمد یاسر کے لواحقین نے اہل محلہ کے ہمراہ فوارہ چوک پر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ نشے میں دھت پولیس اہلکاروں نے معذو ر رکشہ ڈرائیور کو روکا اور تلخ کلامی کے بعد اسکی پیٹھ پر چھ گولیاں ماردیں۔ دوسری طر ف پولیس نے موقف اختیار کیا کہ جاں بحق ہونے والے پر موٹرسائیکل اور موبائل چھیننے کے الزامات تھے ، پولیس کے اشارے کے باوجود نہ رکنے کے باعث پولیس کے فائر کھلنے کے باعث ملزم جاں بحق ہوگیا۔ اس موقع پر مقامی رکن صوبائی اسمبلی شہریارریاض کی طر ف سے واقعے کی عدالتی تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد لواحقین نے نوجوان کی لاش فوارہ چوک سے اٹھا لی۔