08 فروری ، 2013
کراچی…کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اورعلماء کے قتل کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے،دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ہنگامہ آرائی میں دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور علماء کرام کے قتل کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی جانب سے آج ہرتال کی جارہی ہے جس کی حمایت کا اعلان تاجروں اور بعض سیاسی جماعتوں سمیت نجی ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھی کیا گیا ہے،جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور ترجمان اہلسنت والجماعت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے بھی شام چار بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چھوٹے تاجروں نے بھی دینی جماعتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔دوسری جانب شہر میں مشتعل افراد نے پٹیل پاڑہ،لسبیلہ،گرومندر،سہراب گوٹھ،لی مارکیٹ،لیاری،ماڑی پور اور ابو الحسن اصفہانی روڈ کے علاقوں میں سٹرکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر جلائے جس کے باعث سینٹرل جیل سے گرومندر،لسبیلہ سے پٹیل پاڑہ اور گرومندر تک ٹریفک معطل ہوگیا،جبکہ نامعلوم افراد نے لیاری کے قریب دو گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔بعض علاقوں میں پیٹرول پمپس اور دکانیں بھی بند ہیں،تاہم بعض علاقوں میں صورتحال معمول پرہے اور کچھ اسکول بھی کھلے ہوئے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم ہے۔