27 جون ، 2024
کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہےکہ بارش سے شہر میں گرمی کی شدت کم ہوگی اور آئندہ دو سے تین روز وقفے وقفے سے ہلکی تیز بارش ہوگی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہےکہ کراچی میں کل اور پرسوں بھی موسم گرم رہے گا، درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری تک ہوگا لیکن اس کی شدت کم ہوگی، جب تک کم دباؤ ختم نہیں ہوگا تب تک گرمی ہوگی تاہم امید ہے کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں 2 سے 3 دن وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوگی، ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے بارشوں کا سسٹم ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں سینٹرل، گلشن حدید، سرجانی، ناظم آباد اور گڈاپ کے علاقوں میں زیادہ بارش ہوگی جب کہ عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، تھرپارکر میں دوپہر سے بہت تیز بارش ہورہی ہے اور اب بادل نوابشاہ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔