08 فروری ، 2013
اسلام آباد…بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ممکن نہیں اِس کے کسی ممبرکو نہیں ہٹایا جاسکتا۔طاہر القادری کی سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کو کام سے روکنے بارے استدعا قبول ہو گئی تو انتخابات تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹراعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ طاہرالقادری معاہدے کے پابند نہیں رہے۔ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکرنا ان کا حق ہے ۔انہوں نے درخواست دی ہے کہ الیکشن کمیشن کو کام کرنے سے روکا جائے،الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں کہ وہ اس وقت بھرتیوں پر پابندی لگائے، وہ اختیارات سے تجاوز کررہا ہے، اعتزازا حسن کا کہنا تھا کہ جب فوجی حکومتیں آتی ہیں تو ساتھ میں ٹیکنوکریٹس کی حکومتیں لے آتی ہیں۔ملک میں 40 سال ٹیکنوکریٹس کی حکومت رہی ہے، موجودہ عدلیہ کسی ماورائے آئین اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔