Time 03 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر ترین جوڑا

موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر ترین جوڑا
اس سفر کا آغاز انہوں نے 2022 میں کیا تھا / فوٹو بشکریہ اولیور گیمبلین

اولیور عرف اولی گیمبلین (برطانیہ سے) اور لیوی شکول (جرمنی سے) نے اکٹھے 5 براعظموں کے 39 ممالک کا دورہ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر کیا۔

اس سفر کے دوران انہوں نے 589 دنوں تک 46 ہزار 705 میل کا فاصلہ طے کیا اور اس طرح موٹر سائیکل پر دنیا کے سفر کرنے والے کم عمر ترین جوڑے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔

ابھی ان کی عمر 33 اور 35 سال ہے مگر ان کا یہ ایڈونچر جب اختتام پذیر ہوا تھا تو ان کی عمر 32 اور 34 سال تھی۔

ان دونوں کی ملاقات 2017 میں آسٹریلیا میں ایک فارم پر کام کرنے کے دوران ہوئی تھی اور پھر اس کے کچھ عرصے بعد انہوں نے اکٹھے سفر شروع کر دیا۔

بہت جلد انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کیا تاکہ موٹر سائیکل پر دنیا کی سیر کرنے والے کم عمر ترین جوڑے کا عالمی ریکارڈ بنا سکیں۔

موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر ترین جوڑا
انہوں نے 5 براعظموں کے 39 ممالک کا دورہ کیا / فوٹو بشکریہ اولیور گیمبلین

اس مقصد کے لیے انہیں چند شرائط کو پورا کرنا تھا، جیسے ان کے سفر کا آغاز اور اختتام ایک مقام پر ہونا تھا، جبکہ انہیں ایک ہی سمت میں مسلسل سفر کرنا تھا۔

اس ریکارڈ کے لیے انہوں نے قرضے پر ایک موٹر سائیکل حاصل کی مگر کووڈ 19 کی وبا کے باعث ان کا سفر تاخیر کا شکار ہوگیا۔

اپریل 2022 میں انہوں نے جنوب مغربی لندن کے ایک کیفے سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔

اولیور گیمبلین کے مطابق اس وقت تمام ممالک کی سرحدیں کھلی ہوئی نہیں تھیں مگر انہوں نے ایسے ممالک کا تعین کیا جہاں جانا ممکن تھا۔

موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر ترین جوڑا
اب ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بن چکا ہے / فوٹو بشکریہ اولیور گیمبلین

اس مقصد کے لیے انہوں نے ایسے روٹ کی منصوبہ بندی کی جس میں آنے والے ممالک میں سفر کے دوران گاڑی یا موٹر سائیکل کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوتی تاکہ اخراجات کی بچت ہوسکے۔

اس کے بعد تمام ممالک کے ویزے حاصل کیے جبکہ اخراجات بچانے کے لیے انہوں نے ان ممالک میں کیمپ لگا کر قیام کیا اور ہمیشہ اپنا کھانا خود تیار کرکے کھایا۔

یوکرین اور روس کے تنازعے کے باعث انہوں نے مشرق کی بجائے برطانیہ سے فرانس، اسپین اور پھر مراکش تک سفر کیا۔

سفر کے ابتدائی مہینوں کے دوران گرد آلود سڑکوں پر کئی بار ان کی موٹر سائیکل پھسل کر گرگئی۔

افریقی ملک سینیگال پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنی موٹر سائیکل کو بحری جہاز سے برازیل پہنچایا۔

موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کرنے والا کم عمر ترین جوڑا
اس سفر کے دوران انہیں کئی چیلنجز کا سامنا ہوا / فوٹو بشکریہ اولیور گیمبلین

مگر وہ شپنگ کنٹینر عارضی طور پر راستے میں 'گم' ہوگیا جس کے باعث ان کا سفر 7 ہفتے تاخیر کا شکار ہوگیا اور انہیں لگنے لگا کہ ریکارڈ بنانا ممکن نہیں ہوگا۔

ان کے بقول 'وہ ہمارے لیے بہت مشکل وقت تھا، جب موٹرسائیکل برازیل پہنچی اور ہمیں ملی تو وہ ہماری زندگی کا سب سے پرمسرت دن تھا'۔

اس کے بعد وہ برازیل سے بولیویا اور پیرو سمیت جنوبی امریکا کے دیگر ممالک میں گئے۔

وہ فضائی پرواز سے پاناما پہنچے اور پھر شمالی امریکا میں داخل ہوگئے، جہاں لاس ویگاس میں 4 روزہ قیام کے دوران انہوں نے شادی بھی کی۔

امریکا سے وہ کینیڈا پہنچے اور پھر ایک پرواز کے ذریعے جنوبی کوریا کا رخ کیا اور پھر کشتی کے ذریعے روس پہنچے اور وہاں سے منگولیا کا رخ کیا۔

وسطی ایشیا سے گزرنے کے بعد وہ ایک بار پھر قازقستان میں داخل ہوئے اور پھر یورپ کی جانب واپسی کا سفر شروع کیا۔

19 نومبر کوان کا سفر لندن پہنچنے پر مکمل ہوا جہاں ان کا استقبال متعدد افراد نے کیا۔

بعد ازاں انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو سفر کے ثبوت جمع کرائے اور اب ان کے نام ریکارڈ بک کا حصہ بن چکے ہیں۔

اب بھی یہ جوڑا ایک نئے ایڈونچر کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

اب وہ برطانیہ میں موٹر سائیکل پر سفر کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور اس بار ایک کی بجائے 2 موٹر سائیکلوں کو استعمال کریں گے۔

مزید خبریں :