Time 05 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

ماہرین نے 2 ہزار سال پرانے بحری جہاز کے ملبے سے خفیہ خزانہ دریافت کرلیا

ماہرین نے 2 ہزار سال پرانے بحری جہاز کے ملبے سے خفیہ خزانہ دریافت کرلیا
یہ بحری جہاز 80 سے 60 قبل میسح میں ڈوبا تھا / فوٹو بشکریہ سوئس اسکول آف آرکیالوجی

یونان کے قریب ماہرین آثار قدیمہ نے 2 ہزار سال پرانا خزانہ دریافت کیا ہے۔

یونان کے قریب بحیرہ ایجیئن میں 2 ہزار سال پہلے ڈوبنے والے بحری جہاز کے ملبے کی جانچ پڑتال کے دوران چند دلچسپ چیزوں کو دریافت کیا گیا۔

Antikythera نامی بحری جہاز کے ملبے کی جانچ پڑتال سوئس اسکول آف آرکیالوجی کے ماہرین نے کی۔

ماہرین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غوطہ خوروں نے اس جگہ سے 300 کے قریب اشیا پر مبنی 'چھپے ہوئے خزانے' کو دریافت کیا۔

ان اشیا میں 21 ماربل پر مبنی ہیں جبکہ جہاز کے مختلف حصوں اور 200 سے زائد سرامکس کے ٹکڑے بھی دریافت کیے گئے۔

اس بحری جہاز کے ملبے کو 1900 میں دریافت کیا گیا تھا اور گزشتہ برسوں میں وہاں سے ماربل کے بنے متعدد مجسموں کو نکالا گیا ہے۔

ماہرین نے 2 ہزار سال پرانے بحری جہاز کے ملبے سے خفیہ خزانہ دریافت کرلیا
ماہرین نے اس ملبے کو منفرد قرار دیا ہے / فوٹو بشکریہ سوئس اسکول آف آرکیالوجی

ماہرین نے اس ملبے کو منفرد قرار دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ بحری جہاز 80 سے 60 قبل میسح میں ڈوبا تھا اور اسے مشرقی بحیرہ روم میں دریافت ہونے والا سب سے قیمتی قدیم تجارتی جہاز تصور کیا جاتا ہے۔

یہ بحری جہاز مشرقی بحیرہ روم سے روانہ ہوا تھا اور اس نے روم جانا تھا مگر سفر کے دوران وہ ڈوب گیا۔

ماہرین نے بتایا کہ اس ملبے سے 2 ہزار سال قبل کی تجارتی سرگرمیوں کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہوسکتا ہے۔

اس جہاز سے 650 فٹ دور ایک اور بحری جہاز کا ملبہ بھی دریافت ہوا تھا اور ماہرین کے خیال میں دونوں جہاز اکٹھے سفر کر رہے تھے۔

ماہرین کے مطابق ہمیں توقع ہے کہ جہازکے لکڑی کے ٹکڑوں سے ہم یہ تعین کرسکیں گے کہ اسے کب تیار کیا گیا۔

یہ جہاز سمندر میں 45 سے 70 میٹر گہرائی میں موجود ہے اور اسی وجہ سے اب تک محفوظ ہے۔

مزید خبریں :