Time 08 جولائی ، 2024
پاکستان

بحرین: پی آئی اےکےکنٹری منیجر مسافروں کے سامان میں خیانت کے الزام میں گرفتار

بحرین: پی آئی اےکےکنٹری منیجر مسافروں کے سامان میں خیانت کے الزام میں گرفتار
فوٹو: فائل

کراچی: قومی ائیرلائنز  پی آئی اے کے بحرین میں تعینات کنٹری منیجر کو مسافروں کے سامان میں خیانت کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کنٹری منیجر  پر مسافروں کا سامان ائیرپورٹ سے اپنے آفس لے جانےکا الزام ہے۔ پی آئی اے نے مذکورہ  افسر کی قانونی مدد کے لیے پاکستانی سفارت خانےکی خدمات حاصل کی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہے، عدالت میں پیشی کے موقع پر اعلیٰ افسران کوکیس میں دفاع کے لیے مامور کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ بحرین ائیر پورٹ پر دفتر نہ ہونے پر مسافروں کا رہ جانے والا سامان بحرین کے مرکزی دفتر بھیجا جاتا تھا، مرکزی دفتر سے مسافروں سے رابطہ کرکے سامان ان تک پہنچا دیا جاتا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق بحرینی سکیورٹی حکام نے ائیرپورٹ  سے سامان کی منتقلی کو خیانت قرار دے کرکارروائی کی۔ بحرین میں پاکستانی سفارت خانے نے معاملےکوغلط فہمی قرار دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق واقعہ ضابطےکی خلاف ورزی ہوسکتا ہے مگر مجرمانہ فعل نہیں ہے۔

مزید خبریں :